ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) سندھ سبھا کے زیر اہتمام لاپتا افراد کی بازیابی ، سندھ کے وسیلوں پر قبضے صبا اسلم اور ناظم جوکھیو کو قتل کیے جانے کے خلاف سندھ سبھا کے رہنماء ندیم زنگیجو، باغی ساحل ، جئے سندھ محاذ کے ضلعی صدر زاہد جسکانی و دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور سخت نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے وسائل پر قبضے کے بعد سندھی قوم کی عزت مجرو ع کی جارہی ہے ، قومی کارکنوں کے گھروں پر بلاجواز چھاپے مار کر انہیں گرفتاری کے بعد لا پتا کردیا جاتا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی ہے ، سندھی قوم پر زرداری کو مسلط کردیا گیا ہے جو اپنا اقتدار بچانے کے لیے سندھی قوم کے حقوق کی سودے بازی کر رہے ہیں ، زرداری جیسے لوگ ماضی میں بھی سندھی قوم پر مسلط کیے گئے لیکن سندھی قوم کی جدوجہد جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں سوشل ورکر صبا اسلم کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا ، ماضی میں بھی ملک کی تقسیم قوموں پر ظلم کے باعث ہوئی اور اگر قوموں پر ظلم و ناانصافی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ملک کو مزید نقصان ہوگا ۔