شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مقرر‘نوٹی فکیشن جاری

334

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مقرر،نوٹیفکیشن جاری۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو تحریک انصاف کا وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ،اس سلسلے میں تحریک انصاف کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ،یہ نوٹی فکیشن چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جاری کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے وائس چیئرمین مقرر ہونے پر کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا منصب ملنا میرے لیے بہت عزت و اعزاز کی بات ہے اورمیں پارٹی کو مستحکم بنانے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتا رہوں گا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، وزارت خارجہ نے او آئی سی فورم کے ساتھ ملکر کرپشن کے خاتمے پر سیمینار کرایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرپشن سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور ترقی کے حق سمیت تمام انسانی حقوق کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کرپشن کو انسانی حقوق کے مسئلے کے طورپر دیکھنا ہوگا، اقوام متحدہ کے 2030ء کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کرپشن کے خلاف ہماری جنگ لازم ہے،جن ممالک میں لوٹی گئی دولت رکھی گئی ہے، وہ لوٹے گئے اثاثے شرائط کے بغیر ان ممالک کو واپس لوٹائیں،منظم لوٹ مار اور ناجائز اثاثوں کی غیرقانونی منتقلی کے ترقی پذیر اقوام پر بے پناہ منفی اثرات ونتائج مرتب ہوئے ہیں۔وہ جمعرات کو کرپشن کے مقابلے اور اس کے انسانی حقوق کے ایجنڈے کے حصول کے عمل پرمرتب ہونے والے سنگین اثرات کے موضوع پر او آئی سی کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔