صوبہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں باراتیوں کی ویگن اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے جس کے باعث شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہو گیا ‘ ہر طرف آہ و بکا سنائی دینے لگی ‘حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق خضدار میں وڈھ کے مقام پر باراتیوں کی ویگن اور ٹرالر میں ہونے والے تصادم کے باعث سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔اس ضمن میں علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم کے فوری بعد لیویز حکام، مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور انہوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔لیویز ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی ویگن باراتیوں سے بھری ہوئی تھی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔جی ٹی ایچ خضدار کے ایم ایس نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہیں۔