دادو(نمائندہ جسارت) دادو میں گزشتہ رات چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک بچے سمیت تین افراد جاںبحق سول اسپتال سے لاش ضروری کارروائی بعد ورثا کے حوالے غربت کے باعث ورثا کے پاس میتوں کے کفن دفن کی رقم بھی موجود نہ ہونے کے باعث اہل علاقہ نے دکان دکان گھر گھر جاکر چندہ جمع کرکے میتوں کے کفن دفن کے انتظام کیے ۔ضلع انتظامیہ غائب رہی ۔تفصیلات کے مطابق دادو شہر کی فرحان کالونی میں گزشتہ رات گئے بارش کے باعث بھینسوں کے باڑے میں قائم کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے ایک بچہ سمیت تین افراد دب کر جاںبحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال سے ضروری کارروائی بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ جاںبحق افراد کی شناخت 35 سالہ نور محمد سولنگی ، 23 سالہ منصور سولنگی اور 9 سالہ مبین سولنگی کے نام سے ہوئی ہے۔ جاںبحق افراد کے ورثا کے پاس میتوں کی تدفین کے لیے رقم نہ ہونے کے باعث اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ دکان دکان گھر گھر جاکر چندہ جمع کرنے نکلے اور چندہ جمع کرکے میتوں کا کفن دفن کا انتظام کیا گیا جاںبحق افراد کی پی آئی بی گرائونڈ پر نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد پیر مراد قبرستان میں تدفین کردی گئی ۔نماز جنازہ میں شہر کے سماجی رہنمائوں خادم چانڈیو، قربان چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔ تاہم متاثرہ غریب خاندان کے پاس ضلع انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی جانب سے کوئی مدد کے لیے نہیں پہنچا۔