الیکشن کمیشن رپورٹ سے عمران خان کا کرپٹ چہرہ سامنے آگیا،بلاول

138

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی رپورٹ کے اجراء پر میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے، عمران خان نے سچ بولنے کا حلف اٹھا کر پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے ہیں، انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے دیدہ دلیری سے خردبرد کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم دوسروں کو کرپشن کے طعنے دیتے ہیں جبکہ یہ بات اب واضح ہوچکی ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹاہے، چیئرمین بلاول زرداری نے یہ بھی کہا کہ آج تباہ حال ملکی معیشت گواہ ہے کہ پی ٹی آئی سرکار قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹ رہی ہے، عمران خان کو زبردستی کا ایمان دار ثابت کرکے قوم پر مسلط کیا گیا اور اب حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔علاوہ ازیں بلاول زرداری ن فارن فنڈنگ کیس رپورٹ کے حوالے سے اپنے ٹویٹر بیان میں وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غریب تر مگر عمران امیر تر ہو گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی رپورٹ ناصرف پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے گھنائونا فردجرم ہے بلکہ اس سے منافقت کا پردہ بھی چاک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسی طرح عمران خان کا ٹیکس ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ اقتدار کے بعد ان کی آمدنی میں 50 گنا سے زاید کا اضافہ ہوا ہے۔