اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو پھیلتا ہوا دیکھ رہا ہوں، اپوزیشن سے کہتا ہوں عقل سے کام لے، میں لال حویلی کے باہر بچپن میں کتابیں بیچتا تھا، جب سیاست شروع کی تو کچھ نہیں تھا۔اپنی نئی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک الیکشن کی جانب جا رہا ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں میری دعا ہے کہ ملک میں 15جنوری سے 15مار چ تک کورونا کی لہر نہ آئے اور انتخابات وقت پر ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ میرا شمار ان سیاست دانوں میں ہوتا ہے جو اپنی محنت سے اس مقام پر پہنچے ہیں، میں نے بچپن میں سات سال تک جیل کاٹی، میری کوئی شوگر مل نہیں ہے لیکن اب میرے حالات بہترہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ میری چوتھی کتاب کی میرے مرنے کے چار سال بعد رونما کی جائے کیونکہ میں اس میں ایسا سچ لکھوں گا کہ ٹی وی اینکرز اس پر پروگرام کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی جائیں گے۔موجودہ حکومت نے کورونا کے دوران تاریخی کام کیا لیکن صحت کارڈ ، ڈیم بنانے جیسے کاموں کو ظاہر نہیں کرسکے۔وزیر اطلاعات فوادچودھری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا سے لڑنا نہیں چاہیے، فواد سے میرا یہی اختلاف ہے، آج کی سیاست میڈیا کے بغیر ممکن نہیں ہے۔