کراچی(اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے چیئرمین بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا فارن فنڈنگ سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے، بلاول زرداری جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی رپورٹ بھول چکے ہیں، فارن فنڈنگ کے ایک ٹیکنیکل معاملے پر اتنا بڑا بیان دینے والے اسکروٹنی رپورٹ کا مطالعہ کریں ،بلاول زرداری کے والد صاحب، پھپھی صاحبہ و قیادت نے جس طرح ملک لوٹا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ،تھر کے آراوپلانٹس کے پیسوں کاکمیشن لیکر بلاول زرداری کے ناشتے اور کھانے پر خرچ کیے گئے۔ سندھ کے عوام کے پیسے رکشے والے، پاپڑ والے کے جعلی اکاؤنٹس میں ڈالے گئے۔انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری خود کو معصوم دکھانے کی کوشش کرتے ہیں سندھ میں 14 سالہ کرپشن سسٹم کے سربراہ بلاول زرداری ہیں، بلاول زرداری تبصرے سے قبل جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی اور نیب ریفرنسز کا جواب دیں۔