پشاور(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹر محمد رضوان ، افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان نے پیس کرکٹ گرائونڈ کا دورہ کیا اور پیس کرکٹ گرائونڈ اور اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ایم ڈی سبزعلی خان صافی اور کوچنگ، منیجنگ اسٹاف اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے انٹرنیشنل کرکٹر محمد رضوان، افتخار احمد، صاحبزادہ فرحان اور ایم ڈی سبز علی نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا کہ کھلاڑی اپنے فٹنس اور ڈسپلن پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ یہی کامیابی کی بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقل مزاجی اور اچھی نیت ہی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ جو پلیر مستقل مزاج ہوگا وہی آگے جا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب اسی اکیڈمی کے پلیرز قومی ٹیم میں ہونگے ۔ مہمانان گرامی نے ایم ڈی سبزعلی خان اور انتظامیہ کی کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرای اور کھلاڑیوں کے بہتر مستقبل کے لیے دعا کی۔ ایم ڈی سبز علی نے مہمانان گرامی کو خوش امدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔