اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر کام کرر ہے ہیں، چیئرمین نیب غیر قانونی طور پر بیٹھا ہوا ہے، چیئرمین نیب اور حکومت کو شرم ہی نہیں ہے ہم تو کہتے ہیں ہمارا احتساب ٹی وی پر لائیو دکھایا جائے تاکہ قوم کو پتا چلے کون سچا کون جھوٹا ہے ۔سربراہ نیب اور ان کی ٹیم کو جو استثناحاصل ہے یہ ختم ہو گا،عدالتوں میں ہونے والے ظلم کا جواب نیب چیئرمین اور نیب افسران کو دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا حکومت کہہ رہی ہے کہ صرف2 ارب کے ٹیکس لگائے ہیں، پیٹرول کی قیمت پوری دنیا میں کم ہو رہی ہے، پاکستان میں 4 روپے بڑھ گیا،6 ماہ پہلے بجٹ پیش کیا گیا، اس کا جواب دینے کے لیے کوئی نہیں، پاکستان کی خودمختاری کہاں ہے،اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس رکھوا دیا گیا ہے۔