جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کر دیا عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہیں۔
الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کیمٹی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان مالی مدد دینے والی غیرملکی قوتوں کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، مقدمہ کو نمٹانے میں تاخیر نے پہلے ہی کئی شبہات پیدا کیے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق سے ثابت ہوا اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے، وقت نے ثابت کر دیا عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہیں، عمران خان کا ملک وقوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں، عمران خان کا دور قوم کے مستقبل پر تباہ کن اثرات ڈال گیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ چشم کشا ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53 اکاؤنٹس کو چھپایا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ان اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی فنڈنگ آئی، فنڈنگ میں خردبرد کے اشارے بھی انتہائی خطرناک رجحانات ہیں۔