لاہور: پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین نے منی بجٹ کو عوام کا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 350 ارب روپے اشرافیہ سے نہیں کسی نہ کسی طرح غریبوں سے ہی وصول کئے جائیں گے ، سیلز ٹیکس کے تمام اثرات عام آدمی کو متاثر کرتے ہیں، پاکستان کی جی ڈی پی سے زیادہ ٹیکس اہداف رکھے گئے ہیں جسے پورا کرنا دیوانے کا خواب ہے۔وہ ملاقات کے لئے آنے والے ٹیکس بارز کے عہدیداروں اورممبران سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار کے نائب صدر شہباز قادر،جنرل سیکرٹری قمر الزمان چوہدری،فنانس سیکرٹری رانا کاشف ولائت ، عامر شہزاد، طاہر محمود بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تین گنا سے زائد ٹیکس خلا موجوچد ہے جیسے پر کرنے کیلئے ٹیکس مشینری کی پرفارمنس اور کارکردگی صفرہے۔حکومت آئی ایم ایف کی شرائط قبول کرنے کی بجائے ایسا راستہ اختیار کرے سے ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ کو بڑھا کر قرضوں سے نجات مل سکے ۔ حکومت بند کمرے میں بیٹھ کر بیورو کریسی کے کہنے پر تجربات کرنے کی بجائے مشاورت کے عمل کو وسعت دے۔