اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی سفیروں پر پیشگی اجازت کے بغیر وزرا سے ملنے پر پابندی لگا دی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواجس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ کوئی سفیر آئندہ وزارتِ خارجہ کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کریگا۔ذرائع کے مطابق وزارتِ خارجہ کی کلیئرنس کے بعد سفرا وزرا سے ملاقات کر سکیں گے۔ ایسی تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے ایک نمائندہ بھی شریک ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارتیں وزارت خارجہ کی طرز پرکارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں۔دوسری طرف وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کی پاکستان سے برطانیہ حوالگی کی منظوری دیدی، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جینس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے قیام کی سمری موخر کر دی گئی، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئر مین کی دو سال کےلئے تقرری کی منظوری دیدی گئی۔
کابینہ اجلاس میں پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دیدی گئی، ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری، سی پیک اتھارٹی اور چینی وزارت ماحولیات کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دیدی۔