اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ سیاسی جماعتوں پر غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کے الزامات پہلے بھی لگائے جاتے رہے ہیں بے نظیر بھٹو نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف پر اسامہ بن لادن سے فنڈز لینے کے الزامات عائد کئے تھے تحریک انصاف کے اکاونٹس تمام سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں شفاف ہیں۔
منگل کے روز وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور ممبر قومی اسمبلی عامر کیانی کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں تاریخی کام ہو رہا ہے انہوں نے کہاکہ پی پی پی اور ن لیگ پر اسکروٹنی کمیٹی کام کر رہی ہے اس رپورٹ منگوائی جائے ہم کہتے ہیں پی ٹی آئی ن لیگ اور پی پی پی کی سیکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سامنے رکھی جائے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے تفصیل سے ریکارڈ دیا ہے اورانصاف کے تقاضے پورے ہونے چاھیے انہوں نے کہاکہ اگر شفاف اور غیرجانبدار انداز سے یہ کام کیا جائے تو پاکستان کی تاریخ بدل سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی کے رہنماؤں عامر کیانی اور فرخ حبیب نے نئی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروائی ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے اس کمیٹی کی رپورٹ کو بھی کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے، ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں پر غیر ملکی فنڈز لینے کے سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے ایک موقع پر بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ نواز شریف کو فنڈنگ اسامہ بن لادن سے ہوئی تحریک انصاف کا یہ موقف ہے کہ تینوں کمیٹیوں کی رپورٹس عوام کے سامنے آنی چاہیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے شفاف انداز میں فنڈنگ کی ہے انہوں نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کررہے ہیں آگے بھی کرتے رہیں گے۔