لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی تھانہ کی حدود بیت المال کالونی میں 16 سالہ لڑکی ناز گل شیخ سے مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں پولیس نے اسٹیٹ ایجنسی مالک شاہنواز شیخ کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا، اس موقع پر متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ شاہنواز شیخ نے گھر میں اکیلا دیکھ کر مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کی دھمکی دی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہنواز شیخ پر مقدمہ درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے جبکہ متاثرہ لڑکی کی والدہ یاسمین شیخ نے بتایا کہ ہم سکھر میں رشتے داروں کی شادی میں گئے ہوئے تھے جہاں سے واپس لوٹنے پر میری بچی نے بتایا کہ شاہنواز شیخ نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدمہ درج کرکے شاہنواز کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔اس موقع پر الزام کی زد میں آنے والے شاہنواز شیخ نے بتایا کہ میں نے لڑکی گل ناز کے والد محمد علی شیخ کو 9 لاکھ روپے میں مکان خرید کردیا جن پیسوں سے انہوں نے ساڑے پانچ لاکھ روپے ادا کردیے جبکہ دیگر پیسوں کی مانگ پر انہوں نے مجھ پر جھوٹا الزام لگاکر میرے پیسے ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کراکے انصاف فراہم کیا جائے۔ اس حوالے سے دڑی پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی اور اس کے والدین کی شکایت پر این سی داخل کرکے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں تمام اصل حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔