کوئٹہ (جسارت نیوز)فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ سوئی رائفلز کی جانب سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے سوئی کرکٹ گرائونڈ میں ایک شاندار ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا ۔20 دسمبر سے یکم جنوری تک جاری قائداعظم کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈسٹرکٹ ڈیرہ بگٹی کے دس بہترین ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سوئی سٹار اور حمید الیون کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں حمید الیون کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا ۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی ممتاز علی کیتھران نے ٹورنامنٹ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور انعامات تقسیم کیے ۔ کرکٹ کے کھیل سے رغبت رکھنے والے افراد اور کھلاڑیوں نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ سوئی رائفلز کی کرکٹ کے فروغ کیلیے اقدامات کو خوش آئند قراردیتے ہوئے ٹورنامنٹ منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔