نوابشاہ (این این آئی)نواب شاہ میں پیٹرول پمپ کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کا رنگ دے کرکالعدم جماعت الدعوۃکے مقامی رہنما کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جس میں وہ جاں بحق ہو گئے ، واقعے میں ایک ملزم بھی مارا گیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے صورتِ حال واضح کر دی جس کی بنیاد پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق نواب شاہ کے پیٹرول پمپ پر شاپ میں گزشتہ رات فائرنگ کی گئی تھی،فائرنگ سے مالک سلیم رحمانی جاں بحق اور ان کے بھائی وسیم رحمانی شدید زخمی ہوئے تھے۔ابتدائی طور پر اسے ڈکیتی کی واردات قرار دیا گیا تھا مگر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے صورتِ حال واضح ہو گئی ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا جس میں ایک کالعدم مذہبی تنظیم کے مقامی رہنما کو نشانہ بنایا گیا جس میں وہ جاں بحق ہو گئے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان پر لوٹ مار نہیں کی گئی بلکہ مسلح دہشت گرد نے دکان میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی۔مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ سے اس کا اپنا ہی ساتھی بھی ہلاک ہو گیا تھا۔ہلاک دہشت گرد کی شناخت واجد میمن کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کالعدم سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے ہے۔