حکومت کا نوازشریف کے ضمانتی شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے عدالت جانے کا اعلان

377

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ن لیگ کے قائد نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے پران کے ضمانتی شہبازشریف کی گرفتاری کے لیے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرے گی۔اتوار کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کوہدایت جاری کردی ہے، شہباز شریف نواز شریف کو واپس لائیں یا جعلی حلف نامے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے، یہاں موٹر سائیکل چوری ہونے پر بھی پولیس بہو اور بیٹیوں کو بھی اٹھا کر لے جاتی ہے، ہائی کورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شہباز شریف کو بلاناچاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون نہ کرنے کے سبب سندھ واحدصوبہ ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے،پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے نجانے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے، سندھ میں اسپتالوں کا جو حال ہیں اس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔فواد چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ فنانس ترمیمی بل 20 جنوری تک پاس ہو جائے گا، ہمیں 5 سال میں 55 بلین ڈالر واپس کرنے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی نہیں رکھا بلکہ اسٹیٹ بینک کا آزاد ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے۔