اپوزیشن مارچ کرسکتی ہے نہ دھرنا ، صرف واویلا کیا جارہا ہے، پرویز خٹک

269

نوشہرہ (آن لائن)وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کا گڑھ تھا اور مستقبل میں بھی رہے گا۔ تحریک انصاف آج بھی خیبرپختونخوا کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی ٹکٹ میرٹ پر تقسیم ہوں گے۔بطور صوبائی صدر خیبرپختونخوا میں پارٹی کو منظم کرنا اولین ترجیح ہے۔اپوزیشن نہ مارچ کرسکتی ہے نہ دھرنا ، واویلاکرنے سے عوام دھوکے میں نہیں آئینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیات انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب نمائندوں کا اجلاس سے خطاب اور عوامی نیشنل پارٹی سپین کانی کے دیرینہ کارکن صداقت خان کے خاندان سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیتی پروگرام کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر تحریک انصاف کی بے بنیاد شکست کی خبریں چلائی گی کہ جے یو آئی نے 19 تحریک انصاف نے 17 اے این نے 4 اور باقی جماعتوں نے ایک ایک سیٹ جیتی۔ تحریک انصاف نے دو ڈویژن میں سب سے زیادہ ووٹ لیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے بے بنیاد الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔