اسلام آباد(جسارت نیوز)ساتویں بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ میں عقیل خان، محمد شعیب، محمد عابد اور مزمل مرتضی نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا۔ ہفتہ کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے کوارٹر فائنلز مقابلوں میں عقیل خان نے شہزاد خان کو 6-2 اور 6-2، محمد شعیب نے ہیرا عاشق کو 6-4 اور 6-2، محمد عابد نے مدثر مرتضی کو 6-2 اور 6-2 جبکہ مزمل مرتضی نے یوسف خلیل کو 6-1 اور 6-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ لیڈیز سنگلز سیمی فائنل مقابلوں میں سارہ محبوب نے نور مالک کو 6-4 اور 6-1 جبکہ اشنی سہیل نے مہوش چشتی کو 6-0 اور 6-1 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئیں۔ بوائز انڈر 18 کوارٹر فائنلز مقابلوں میں ہشیش کمار ، احمد نائل قریشی، سمیع زیب اور مہاتیر محمد نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ گرلز انڈر 18 کوارٹر فائنلز مقابلوں میں آمنہ علی قیوم، شیزا ساجد اور نتالیہ زمان نے اپنی اپنی حریفوںکو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ بوائز انڈر 14سنگلز کوارٹر فائنلز مقابلوں میں اسد زمان، ابوبکر طلحہ، محمد سالار اور ابراہیم اشرف نے اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ بوائز انڈر 12 سنگلز کوارٹر فائنلز مقابلوں میں ابوبکر طلحہ، نبیل علی قیوم اور عامر مزاری نے اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔