اسلام آباد (اے پی پی) بھارت سے واہگہ کے راستے لاہور پہنچنے والے 161 ہندو یاتریوں کے وفد کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچا دیا گیا۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سول ایوی ایشن نے پاکستانی ائرلائن کو اپنی ائرلائن کے دباؤ پر پرواز کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس پر پی آئی اے نے متبادل انتظامات کے طور پر ہندو یاتریوں کو واہگہ کے ذریعے پاکستان منتقل کیا ہے۔ واہگہ پہنچنے پر پی آئی
اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائر مارشل(ر) ارشد ملک کی جانب سے ڈسٹرکٹ منیجر لاہور عبدالمقدم خان نے وفد کا استقبال کیا۔ واہگہ سے پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے یاتریوں کی قیادت کی۔ ترجمان نے کہا کہ یاتریوں نے پی آئی اے کی خدمات کو سراہا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک کی جانب سے خصوصی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ ائر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلیے خصوصی انتظامات کر رہا ہے، 2022ء میں اس آپریشن میں مزید توسیع کے بعد بیساکھی کیلیے سکھ یاتریوں اور بدھ مت کے ماننے والوں کیلیے بھی پیکج ترتیب دے رہے ہیں۔