وزیر اعلیٰ پنجاب کا بلال یاسین کو ٹیلیفون ‘خیریت دریافت کی

298

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ بلال یاسین نے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو اپنے اوپر ہونے والے حملے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان
بزدار نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوثملزمان کو بہرصورت گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں بلال یاسین کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ داتا دربار میں درج کرلیا گیا۔ متن کے مطابق بلال یاسین نے کہا کہ حاجی اکرم کے گھر کے باہر اکرم، حاجی توحید اور حاجی لیاقت ساتھ کھڑے تھا‘ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار میرے پاس آکر بائیک سے اترا جبکہ دوسرا آہستہ آہستہ بائیک چلاتا رہا ۔ موٹر سائیکل سے نیچے اترنے والے شخص نے مجھے پر فائر کیے‘ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ دریں اثنا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو اسپتال ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ بلال یاسین کی سرجری کر دی گئی ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ‘پیٹ میں لگنے والی گولی نے کسی حصے کو متاثر نہیں کیا‘ کولہے کی ہڈی فریکچر ہوئی ہے جس کو آپریٹ کر دیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں بلال یاسین نے کہا ہے کہ حملہ کرنے والوں نے ڈولفن پولیس کی طرح کی جیکٹس پہن رکھی تھیں‘ میری کسی سے دشمنی نہیں ہے۔