کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر سائنس کالج کے قریب دھماکے کے نتیجے میںمحمد اکرم ولد خان محمد،شرف الدین ولد نیاز محمد،یونس آغا ولد آغا جان سمیت4افراد جاں بحق جبکہ 15افراد محمد ادریس ولد زربت خان، مصور ولد ولی جان،نور محمد ولد فدا خان،،ثنا اللہ ولد محمد اکرم،حبیب اللہ ولد محمد ،محمد رمضان ولد محمد صادق،ظہور احمد ولد دوست محمد،محمد فاروق ولد عبدالمنان،بلال محمدولد زعفران ،نقیب اللہ ولد محمد
عالم،نجیب اللہ ولد کریم خان،عزیز اللہ ولدرحیم اللہ،نادر ولد حیدر،جمیل احمد ولد سرور،عبدالہادی ولد گل محمدزخمی ہوگئے ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، سیکورٹی فورسز اورریسکیو ٹیمیںجائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،نعشوں اورزخمیوں کوسول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔دھماکے کے بعدسول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹیوں پر طلب کرلیا گیاجہا ں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے ایم ایس سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اختر کی نگرانی میں زخمیوں کوابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل کے عملے اور سیکورٹی فورسزنے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔دھماکے کے نتیجے میں اردگرد واقع دکانوں اور گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اورلوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ دیر قبل سائنس کالج کے ہال میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کا اجتماع ختم ہواتھا۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت اورزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں،وزیراعلیٰ کا صوبائی دارلحکومت کے سیکورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار اور سیکورٹی انتظامات اور واقعہ سے متعلق آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے صوبائی مشیر داخلہ کو شہر کے سیکورٹی پلان کا جائزہ لیکر مزید موثر بنانے کی ہدایت کی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر صحت زخمیوں کو علاج کی سہولیات کی فراہمی کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوںکی جلد صحت یابی کی دعا کی۔