کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سے گلگت بلتستان کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے شہریوں کے ساتھ پی پی پی کی صوبائی حکومت کا تعاون شک و شبہے سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان
کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل قبول ہیں۔ بلاول زرداری کی سربراہی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سندھ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول زرداری کو اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور گلگت بلتستان کے اسٹیٹس کے حوالے سے آئینی اصلاحات میں بھی پی ٹی آئی حکومت غیر معمولی تاخیر سے کام لے رہی ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ بالخصوص کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کے رہنے والے پی پی پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔