ایران کی منفی پالیسی خطے کے لیے ٹھیک نہیں ، شاہ سلمان

290

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ایران کی منفی پالیسی خطے کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ شاہ سلمان نے ملک کی مجلس شوریٰ سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ ایران اپنی پالیسی اور خطے میں اپنے منفی رویے کو تبدیل کرے گا اور مذاکرت اور تعاون کی طرف لوٹے گا۔ شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم خطے میں سلامتی اور تحفظ کو غیر مستحکم کرنے کی ایرانی پالیسی کو شدید تشویش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔شاہ سلمان نے ایران پر خطے میں انتشار پھیلانے اور مسلح تنظیموں کومعاونت فراہم کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوںنے کہا کہ تہران حکومت حوثی ملیشیا کی پشت پناہی کر رہی ہے، جس کی وجہ سے یمن کی جنگ طوالت اختیار کر رہی ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ متنازع پالیسیوں کے باعث سعودی عرب کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ شاہ سلمان کا یہ خطاب 4منٹ کا تھا۔ واضح رہے کہ یمن میں جاری تنازع میں سعودی عرب عسکری اتحاد کی سربراہی کر رہا ہے ،جب کہ ایران اس اتحاد کے خلاف لڑنے والے حوثی باغیوں کا ساتھ دے رہا ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب نے ایران پر حوثیوں کو اسلحہ فراہم کرنے اور لبنانی تنظیم حزب اللہ پر انہیں تربیت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔