سیالکوٹ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدر میاں عمران اکبر سے چیمبر میں ملاقات کی جس دوران شہر میں ٹریفک اور آمدورفت کے مسائل کے حل کے لیے شہر کے پنجاب سیف سٹی پروگرام بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرسیالکوٹ چیمبر کے صدر میاں عمران اکبر نے کہا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کی جلد تکمیل کے لیے ضروری فنڈزجلد جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے صنعتی ماحول میں کام کرنے والے افراد کے لیے ذاتی حفاظتی آلات کی فراہمی یہاں کی صنعتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی کے لیے مستعدہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اجلاس میں سیالکوٹ کے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں بشمول غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات کا خاتمہ اور شہر بھر میں نااہل ڈرائیوروں کے ذریعے چلائے جانے والے غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں جیسے معاملات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔