نارووال (صباح نیوز)مسلم لیگ ( ن ) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں نافذ کیا جانے والا بلدیاتی نظام اختیارات کے بغیر ہے،لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو با اختیارات بنانا ہوگا۔نارووال میں جلسے سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ عوام کی اصل خدمت بلدیاتی ادارے ہی کرتے ہیں، بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا پاکستان کے آئین کو مضبوط کرنا ہے جس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو گی۔احسن اقبال نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی بحالی سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر7ماہ تک عمل نہ ہوا،عدالت عظمیٰ کے بار بار نوٹس پر بلدیاتی ادارے بحال ہوئے، بلدیاتی نمائندے عوام سے وعدے کرکے منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو 2 تہائی اکثریت کے بغیر نہیں بدلا جا سکتا ، لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو با اختیارات بنانا ہوگا ۔لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہو چکی ہے، سیاست اور معیشت شدید عدم تحفظ کا شکار ہے،امریکا آج ہم سے بات نہیں کرنا چاہتا، پاکستان کو قرض دینے والے ممالک پیچھے ہٹ چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی سے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔