دادو کی بجلی پر ڈاکہ ،واپڈا عملے نے بجلی کا ٹھیکا لے لیا

94

دادو(نمائندہ جسارت) دادو کی بجلی پر ڈاکا واپڈا عملے نے بجلی کا ٹھیکا لے لیا، ملکی خزانہ لوٹنے کیلیے دادو شہر میں کنڈا کنکشن کی بھرمار شروع کردی گئی ہے ایس ڈی او فاروق کابورو، عزیز پہوڑ، لائن مین حاکم گوپانگ ، پرائیویٹ لائن مین مصطفی پہنور اور دیگر نے بوگس میٹر اور کنڈا کنکشن سے بجلی کی چوری سے ہر ماہ کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق دادو شہر کی بجلی سیپکو انتظامیہ سکھر نے ٹھیکے پر دے دی ہے اور ضلع دادو کی واپڈا انتظامیہ بے رحمانہ طریقے سے بجلی کی چوری کروانے میں مصروف ہوگئی ہے،ضلع دادو کی واپڈا انتظامیہ کی جانب سے بجلی کی چوری کروا کر کروڑوں کی کرپشن کی جا رہی ہے جس سے ہر ماہ ملک کے خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے ،ضلع بھر میں پانچ کروڑ کی بجلی چوری کروائی جا رہی جبکہ دادو شہر میں بھی کنڈا کنکشن سے دو کروڑ کی بجلی کی چوری کروائی جا رہی ہے، دادو شہر کی 20 سے زائد کالونیوں میں لگے سیکڑوں ٹرانسفارمر پر 10 میٹر کے علاوہ باقی کنڈے اور بوگس میٹر لگے ہوئے ہیں، دادو کی گھرام گوپانگ کالونی، قلندرآباد ، علمدار روڈ، کچھری روڈ، اسٹیشن روڈ،بس اسٹاپ، دڑو روڈ تاج کالونی، سول اسپتال روڈ، اولڈ بس اسٹاپ، برہمانی کالونی مرکھپور سمیت 20 سے زائد کالونیوں میں سیاسی شخصیات، دکانداروں، بیوپاریوں کے گھروں کے علاوہ ہوٹلز، آٹا چکی کارخانوں، لکڑی کٹائی کے کارخانوں سمیت مختلف محکموں کے افسران کے گھروں میں کنڈا کنکشن لگے ہوئے ہیں اور کنڈا کنکشن کی تاریں گلیوں، سڑکوں کالونیوں میں لٹکی ہوئی ہیں جس سے جانی نقصان کا اندیشہ ہے صبح بچے اسکول جاتے وقت بچوں کو بجلی کی تاروں سے ٹکراتے ہوئے گزرنا پڑتا ہے، شہریوں علاقہ مکینوں نے وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔