لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی، چوریوں اور منشیات فروشی جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و انتہائی مطلوب 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق رتوڈیرو پولیس نے ہزار خان گھانگھرو قتل مقدمے میں مطلوب ملزم طالب گھانگھرو کو بغیر لائسنس پستول اور گولیوں سمیت ولید پولیس نے دوران چیکنگ لیبر کالونی سے سرگرم ملزم سعید جتوئی کو بغیر لائسنس ریوالور اور گولیوں سمیت، مددگار بیس تھری نے دوران گشت تھانہ رتوڈیرو پر سنگین نوعیت کے مقدمات میں روپوش ملزم مہتاب ویسر کو، ولید پولیس نے دوران گشت رائس کینال سے سرگرم ملزم بلاول جتوئی کو بغیر لائسنس ریوالور اور گولیوں سمیت، کنگا پولیس نے دوران گشت عمرانی سم شاخ سے منشیات فروش عمران کھرل کو آدہا کلو چرس سمیت، علی گوہرآباد پولیس نے دوران چیکنگ موہن فقیر مقام کے قریب منشیات فروش ماجد جتوئی کو ڈیڑھ پائو چرس سمیت اور سیہڑ پولیس نے دوران چیکنگ اشتہاری ملزم اعظم کولاچی کو گرفتار کرلیا ہے۔دوسری جانب گیریلو، دڑی اور یونیورسٹی پولیس نے چوری شدہ چار موٹرسائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان حسین بخش، اظہر حسین، محمد عظیم اور عبداللہ کے حوالے کردی ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ شہر کے نظر محلہ میں گھر کی چھت کر کھیلنے کے دوران بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے کے باعث 14 سالہ لڑکا ثنااللہ مگسی بے ہوش ہوگئے جسے ورثا کی جانب سے بے ہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے نعش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حدود نظر محلہ میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے دکاندار غلام نبی کھوکھر کی دکان میں گھس پر اسلحے کے زور پر 7 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیجز و دیگر شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔اس موقع پر متاثرہ دکاندار غلام نبی کھوکھر نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے میری دکان میں گھس پر اسلحے کے زور پر مجھ سے 7 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی نقدی واپس کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔