کوئٹہ: اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کو 5 سال قید، 10 کروڑ جرمانے کی سزا

137

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کی احتساب عدالت نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں نامزد ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور پی آر سی انچارج حب لسبیلہ کو جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور 10 کروڑ 52 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ نیب بلوچستان کی جانب سے سینئر پراسیکیوٹر ضمیر چھلگری نے کیس کی پیروی کی۔ نیب بلوچستان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ نے پی آر سی سینٹر حب میں انچارج کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے 23 ہزار سے زائد گندم کی بوریوں میں خورد برد کی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب بلوچستان نے ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ کے جج منور احمد شاہوانی نے آج فیصلہ سنایا، فیصلے اور نیب قانون کے مطابق ملزم 10 سال کے لیے کسی بھی عہدے کیلیے نااہل تصور کیا جائے گا، ملزم کسی بھی بینک سے کسی قسم کا قرض اور مالی فائدہ حاصل نہیں کرسکے گا۔