اسلام آباد(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان کے عوام کے مصائب کے حل کے لیے عالمی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں،اقتصادی زونز کا قیام افغان معیشت پر غیر ملکی انحصار کو کم کرنے میں مدد گا ثابت ہوگا۔ اسد قیصر اور امریکی ناظم الامور کے مابین ملاقات۔ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کو فروع دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں اسپیکر نے انجیلا ایگلر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی مواقع کی غیر موجودگی میں افغانستان میں دوبارہ دہشت گردی کو فروغ پانے کا موقع مل سکتا ہے۔اسپیکر نے بتایا کہ انہوں نے سینئر پارلیمنٹرینز اسد عمر، حنا ربانی کھر اور خرم دستگیر خان پر مشتمل ایک رابطہ گروپ قائم کیا ہے جو پارلیمانی دوستی کو فروغ دینے کے لیے اپنے امریکی ہم منصبوں سے روابط قائم کرے گا وہ خود اس گروپ کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔پاکستان امریکا کے مابین با معنی روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، تعلیم، صحت اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے امریکا کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ امریکی ناظم الامور نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی روابط میں فروع سے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مارکیٹ ہے اس لیے امریکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے سفارت خانے کے اقتصادی شعبے کی جانب سے کوششوں کا یقین دلایا۔