سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سخت سردی کے موسم میں محکمہ سوئی گیس انتظامیہ نے گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کر کے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر دیا ہے، کئی کئی گھنٹے گیس کی بندش سے خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں شدید پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مہنگائی کی چکی میں پستی عوام جہاں پر اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پریشانی دکھائی دیتے ہیں وہی پر گیس کی بندش سے ایل پی جی، گیس سلنڈر، لکڑیوں کے استعمال سے شہریوں کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر سکھر میں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا نوٹس لے کر مسلسل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، عیدن جاگیرانی، آغا طاہر مغل، شہزادو بھٹو، محمد رضوان قادری، حافظ محمد شریف ڈاڈا، شاہ محمد انڈھڑ، عبدالباری انصاری، ظہیر حسین بھٹی، محمد منیر میمن، سید عمران شاہ، ڈاکٹر سعید اعوان، آغا محمد اکرم درانی، طارق میرانی، عبدالحمید شیخ، حسیب جونیجو، وقار سومرو، کامریڈ امام الدین، نعیم بلوچ،لالہ محب، امداد جھنڈیر، حسن شہید، ڈاڈو ابڑو، طارق گھمرو، انیس خان، فقیر رمضان کورائی و دیگر بھی موجود تھے، حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان میں توانائی بحران سمجھ سے بالاتر ہے، صارفین باقاعدگی سے گیس کے بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی سراسر ظلم و ناانصافی ہے، سخت سردی میں موسم میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین اپنے دفاتر، تاجر اپنی دکانوں پر بغیر ناشتہ کیے جانے پر مجبور ہیں جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا نوٹس لے کر مسلسل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ سوئی گیس انتظامیہ پر عائد ہوگی۔