جیالے تیاری کرلیں،کٹھ پتلی پر وار کا وقت آگیا،بلاول

379

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت، خبر ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جیالے تیاری پکڑیں، کٹھ پتلی کے خلاف اب وار کرنے اور اعلان کا وقت آگیا ہے۔بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ شہید بی بی آپ کا پاکستان مشکل میں ہے، آپ کے پاکستان میں جمہوریت نام کی ہے، یہاں نہ بولنے کی نہ سانس لینے کی آزادی ہے، آپ کے غریب عوام لاوارث ہیں، عوام سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں اور اس نااہل کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ ہم نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم نے پارلیمنٹ کو تمام اختیارات دیے لیکن جمہوریت پر حملے ہوتے رہے اور نقصان پہنچتا رہا، کبھی آراو الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن، عوام کے ووٹ پر ڈاکا مارا گیا،جمہوریت چھینی گئی، الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کیلیے کبھی کسی چودھری کو استعمال کیا گیا کبھی کسی نثار کو۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں کرتی، جبکہ موجودہ حکمران ، صدر،وزیراعظم دہشتگردوں سے ڈیل کیلیے بھیک مانگ رہے ہیں، دہشت گردوں نے انہیں جواب دیدیا ہے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس 5 جنوری کو لاہور میں ہوگا، لاہور کو ہم اپنا بیس کیمپ بنائیں گے، اس حکومت کے خاتمے کی کہانی اسی شہر سے شروع ہوگی جہاں سے پی پی کی بنیاد رکھی گئی تھی ، کٹھ پتلی کا جانا دیوار پر لکھا جاچکا، ہر کسی کی یہی آواز ہے کٹھ پتلی کو جانا ہوگا۔بلاول نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو استعفے دینے اور الیکشن نہ لڑنے کے حق میں تھے، وہ بھی الیکشن کے مزے لوٹ رہے ہیں اور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔علاوہ ازیںسابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان امیر ملک ہے، عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہیں۔آصف زرداری نے اپنی اہلیہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے میں سرپرائز انٹری دی۔ آصف زرداری کی جلسے میں شرکت طے نہیں تھی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کہہ چکے تھے کہ آصف زرداری شریک نہیں ہوں گے۔جلسے سے خطاب میں زرداری نے کہا کہ وہ بی بی سے کیا گیا وعدہ پورا کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی ہے، بلاول ہی غریب عوام کی تقدیر بدلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امیر ملک ہے ، عقل ہو تو پاکستان کے لوگوں کے نصیب بدلے جاسکتے ہیں۔