لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ تین سال میں پی ٹی آئی نے ملک کا وہ کباڑا نہیں کیا جو منی بجٹ سے ہوجائے گا ،منی بجٹ پاکستان اور عوام کی کمر میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے ، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،باضمیر حکومتی ارکان اور اتحادیوں سے پھر کہتا ہوں کہ منی بجٹ زہر کا پیالہ ہے اس سے دور رہیں ،منی بجٹ سے پاکستان کی معیشت بیرونی سہارے کی مرہون منت ہوکر رہ جائے گی ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی خودمختاری، جوہری وکشمیر جیسے نازک قومی مفادات کے لیے زہرقاتل ثابت ہوگا ،منی بجٹ سے معیشت اور عوام کا گلا کاٹنے کے بجائے 10 سالہ پائیدار معاشی حکمت عملی درکار ہے ،پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے دس سال کی پالیسی تیار کرنا ہوگی ،اس دس سال کی معاشی پالیسی پر تسلسل سے کام کرکے ہی موجودہ معاشی دلدل سے نکلنے کی راہ پیدا ہوسکتی ہے ،پائیدار معاشی ترقی کیلیے دس سالہ منصوبہ بندی کی موجودہ حکومت میں نہ اہلیت ہے اور نہ ہی وژن نہ یہ اتفاق رائے پیدا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی کرنا ہوگی جس سے کاروبار بڑھے گا، قرض ادائیگیوں میں دبا ئومیں کمی آئے گی ، مہنگائی کم ہوسکے گی ،حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات جلد بازی اور افراتفری میں کیے ہیں، سنجیدگی کا مظاہرہ کیاگیا نہ تیاری نظر آئی ہے ،جھوٹے وعدوں، طفل تسلیوں، خام خیالی پر پائیدار ومستحکم معاشی بنیادیں کھڑی نہیں ہوسکتیں ۔