میئر پشاور کی نشست ہارنے پر پی ٹی آئی میں اختلافات

456

پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں میئر پشاور کی نشست ہارنے پر تحریک انصاف کے رہنمائوں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ،بلدیاتی الیکشن میں ہارنے کے معاملے پر وزرا اورکارکن آمنے سامنے، کارکنوں کے ایک دوسرے پر الزامات کے وڈیو پیغامات بھی سامنے آگئے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب محمد علی نے الزام لگایا کہ میئرپشاورکی سیٹ کے لیے پی ٹی آئی کا ٹکٹ پیسے لیکردیاگیا، گورنرنے5 اورکامران بنگش نے 2 کروڑ روپے لیے۔ محمد علی نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا احتساب کیا جائے، شاہ فرمان کی ذاتی انا اور مفاد کے باعث پارٹی پہلے بھی صوبائی اسمبلی کی2 نشستیں ہار چکی ہے۔ لوگوں نے میئر کی نشست کے لیے امپورٹڈ امیدوار کو مسترد کر دیا۔پی ٹی آئی کے امیدوار رضوان بنگش نے الزامات پر وڈیوپیغام میں قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ارباب محمد علی ٹائون ناظم رہے، محمد علی کے بھائی ایم این اے اورچچا وزیراعظم کے مشیرہیں، تہکال سے2912 پول ووٹوں میں پی ٹی آئی کو صرف 195 ملے، ارباب محمد علی کے الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروںگا، کارروائی کے لیے قانونی مشاورت کررہا ہوں ۔