آرمی چیف سے ترک بری فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات

287

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترکی کی بری فوج کےچیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا اور افغان صورتحال، بارڈرمینجمنٹ سمیت علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت اور افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت پرزور دیا جب کہ اس دوران فریقین نے تربیت اور انسداد دہشتگردی میں عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے  مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں۔