لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت اپنی جدوجہد سے شہر لاہور کو مسائلستان سے دوبارہ حقیقی معنوں میں باغوں کا شہر بنائے گی۔
میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں کہ سخت سردی میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال، ٹرانسپورٹ کے بدترین مسائل، چوری ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے 30 دسمبر کو جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کرنے والی حکومت کا عوام کی طاقت سے محاسبہ کریگی، نااہل حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے پوری قوم اذیت کا شکار ہے، وزیر اعظم عمران خان قوم کو بتائیں کہاں ہیں 1کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور مدینہ کی ریاست ۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت شہری مسائل کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اگر حکومت اور انتظامیہ نے مسائل کے حل کیلئے باتوں اور وعدوں سے آگے بڑھ کر عملی اور فوری اقدامات نہ کیے تو متعلقہ اداروں اور سرکاری دفاتر کا بھی گیراؤ سے بھی گریز نہیں کریں گے۔