حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ جب بھی 27دسمبر آتا ہے تو ملک بھر کے عوام بینظیربھٹو کی شہادت کے حوالے سے رنجیدہ اور غمزدہ ہوجاتے ہیں کیونکہ اس دن ملک دشمن قوتوں نے جمہوریت کی نشانی اور حق و صداقت کا علم بلند کرنے والی بینظیربھٹو پر بزدلانہ حملہ کرکے انہیں شہید تو کردیا لیکن ان کا مشن اور ان کی یادیں عوام کے دلوں سے نہیں مٹاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بینظیربھٹو نے اپنے خاندان کے دیگر افراد کی طرح جان کا نذرانہ پیش کرکے یہ بات ثابت کردیا کہ بھٹو خاندان اپنی جانیں تو پیش کرسکتا ہے لیکن کبھی کسی آمر ،طالع آزما ، شدت پسند اور عوام دشمن کے آگے سرنہیں جھکائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بینظیربھٹو کی شہاد ت کے بعد سے آج تک پیپلزپارٹی اُن کے اصولوں اور نظریے پر کاربند ہے اور بلاول زرداری کی صورت میں یہ قافلہ بہت تیزی سے آگے کی طرف رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھٹو خاندان نے خود بھی قربانیاں دیں اور کارکنوں کو بھی قربانیوں کا درس دیا۔ جب بھی دور آمریت ہو یا ملک پر آمرانہ فیصلے مسلط کیے جارہے ہوں پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو عوام میں موجود ہوتی ہے اور عوامی قوت کے ذریعے ان ملک دشمن عناصر کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑی ہوجاتی ہے۔