حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ضیا عباس شاہ نے سابقہ وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی سابقہ چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو ہم سے بچھڑے 14سال گزر گئے لیکن وہ آج بھی ملک کے 22کروڑ عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ہر گزرے لمحہ کے ساتھ اُن کی یادیں ہمیں دل گرفتہ کردیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا تعلق بھٹو خاندان کے اس قبیل سے ہے جس نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ وہ تمام تر دھمکیوں کے باوجود اپنے عوام میں سینہ تانے کھڑی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدترین دور آمریت میں بھی محترمہ بے نظیربھٹو نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں۔ آمروں کی ایزارسنیوں کا مقابلہ کیا، وہ اپنے ملک اور عوام سے بے پناہ محبت کرتی تھیں یہی وجہ ہے کہ آج بھی عوام ان کو نہیں بھولے اور جب بھی 27دسمبر کا دن آتا ہے ملک بھر کے عوام کے دکھ اور غم ایک بار پھر تازہ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹو ملک میں نہ صرف آمریت بلکہ شدت پسندی، مذہبی جنونیت اور عوام کے حقوق غضب کرنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار تھیں۔ ملک دشمن قوتیں انہیں جھکا نہیں سکیں تو پھر انہیں راستے سے ہٹادیا گیا لیکن محترمہ بے نظیربھٹو نے اپنے والد اور بھائیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موت کو گلے لگایا لیکن نہ عوام سے جدا ہونا پسند کیا اور نہ ہی آمرانہ قوتوں اور ملک دشمن عناصر کے آگے سرنگوں ہوئیں۔ آج محترمہ بے نظیربھٹو کے صاحبزادے اور مدبر شخصیت بلاول زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی صورت میں محترمہ بے نظیربھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک کے مظلوم و محکوم اور غریب عوام کے حقوق کی جنگ ملک کے کونے کونے میں لڑرہے ہیں جس میں ان کی فتح یقینی ہے۔