تہران (صباح نیوز) ایران اور مغربی ممالک کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں مرحلہ آج 27 دسمبر سے ویانا میں شروع ہوگا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ علی باقری کنی اور دیگر اراکین پیر کی صبح جوہری مذاکرات میں حصہ لینے کیلیے ویانا کا دورہ کریں گے۔ جوہری معاہدے کی بحالی اور ایران کیخلاف پابندیوں کی منسوخی کے
آٹھویں مرحلے کے مذاکرات میں توقع کی جاتی ہے کہ یورپی فریقین زیادہ سنجیدگی سے مذاکرات کی میز پر آئیں گے اور پروپیگنڈے سے گریز کرتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کیلیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گزشتہ جمعرات کو اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں مغربی فریقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو ایران کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق خدشات کو دور کرنے ہیں تو ایران کیخلاف تمام پابندیاں اٹھا لی جائیں، اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مضبوط منطق کے ساتھ کسی اچھے معاہدے تک پہنچنے کیلیے مذاکرات کا عمل جاری رکھے گا۔