کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نوازشریف کو 24 گھنٹوں میں پاکستان آنے کا ویزہ دوں گا، ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ کی آفر کرتا ہوں، اتنا زیادہ ڈرامہ کر کے وہ گئے، انہوں نے عدلیہ پر وار اور فوج کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ان کے خاندان کے 3 لوگ یہاں ہیں، وہ بھی آ جائیں، آصف زرداری صاحب آپ کے اور میرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آ گیا ہے، نواز شریف اور زرداری خاندان کرپٹ ہیں، لوگوں کو معلوم ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری چور ہیں، حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حکومت کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، ٹی ٹی پی کے ساتھ براہ راست نہیں بالواسطہ رابطے ہیں، بانی متحدہ کوزمانہ طالبہ علمی سے جانتا ہوں، ان کے خلاف قتل و غارت گری سمیت مختلف مقدمات درج ہیں، بانی متحدہ سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی، عمران کہیں نہیں جارہے اپنی مدت پوری کریں گے، بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی نے کم ووٹ نہیں لیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، ادارے 20 دن نہیں 20 سال کی پالیسیاں بناتے ہیں، کوئی عقل کا اندھا اگر یہ سوچ رہا ہے کہ کسی ایک شخص کی پالیسی ہوتی ہے تو ایسا نہیں ہے، ادارے کی پالیسی ہوتی ہے، اداروں کے تھنک ٹینک طویل المدتی پالیسی بناتے ہیں۔ جو افسران میرے محکمے میں روٹیشن پالیسی پر نہیں جائیں گے انہیں نکال دوں گا، پالیسی ادارے کی ہوتی ہے، کسی ایک شخص کی نہیں ہوتی، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ادارے میں مہینے میں ایک دن میں خود بیٹھوں گا۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری نے کہا کہ میں لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا ہوں، آصف زرداری صاحب آپ کے اور میرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آ گیا ہے، نواز شریف اور زرداری خاندان کرپٹ ہیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ نواز شریف بیماری کا بہانہ کر کے بیرون ملک گئے، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ صحت مند ہیں کیونکہ انہوں نے کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا اور نہ ہی کہیں سے علاج کرایا ہے، اب سننے میں آرہا ہے کہ وطن واپس آرہے ہیں، اگر نوازشریف نے واپس آنا ہے تو انہیں میں اپنی جیب سے ٹکٹ کی پیشکش کرتا ہوں، شریف فیملی کے 3 لوگ یہاں موجود ہیں، وہ بھی آجائیں، نوازشریف کے پاس اداروں کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان آخری سانس تک کرپشن زدہ سیاست کے خلاف لڑائی لڑتے رہیں گے، ان کے دورمیں او آئی سی کی کامیاب کانفرنس ہوئی۔ تمام مسلم دنیا عمران خان کی زبان پر متفق ہوئی۔ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ بانی متحدہ کو میں زمانہ طالبِ علمی سے جانتا ہوں، ان سے بات چیت نہیں ہو سکتی، ان کے اوپر بہت سے قتل و غارت گری کے مقدمات ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ تعلقات آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے، یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان لوگوں نے وہاں جا کر ٹارزن بننے کی کوشش کی، مگر ٹھس ہو گئے، جو نام لے کر لندن سے باتیں کرتے تھے ان پر سے ہاتھ اٹھ گیاہے جبکہ میں پاکستان کی عظیم افواج سے تعلق رکھنا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ بالواسطہ رابطے ہیں، براہ راست نہیں، چاہتے ہیں کہ سرحد پر خاردار تاڑیں لگانے کا کام باہمی اشتراک سے مکمل ہو۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہم نے پوری دنیا کو پاکستان میں مدعو کیا اور ہم طالبان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، طالبان نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔