کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری اور بلاول زرداری نے بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک ہمارے لیے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ،اس کی آزادی ، وقار خودداری، اور عزت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرینگے ، انہوں نے کہا کہ آج ملک خطر ناک صورتحال سے گزر رہا ہے ، ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے ، خارجہ امور زبوں حالی کے شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی رائے گان نہیں ہونے نہیں دینگے۔علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹیبلاول زرداری نے اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم و پارٹی چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک تحریک و مشعلِ راہ ہے، اور قوم ان کے قومی جذبے، طویل جدوجہد و مضبوط قیادت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔بینظیر بھٹو مثالی عالمی لیڈر تھیں، جنہوں نے پاکستان میں بڑی بہادری سے جمہو ریت کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آج کا دن یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی و انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے اور جمہوریت کی مضبوطی، آئین و پارلیمان کی بالادستی، اور معاشرتی مساوات کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، کیونکہ شہید بینظیر بھٹو کو اس کے سوا خراج عقیدت پیش کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہوسکتا۔