سڈنی(جسارت نیوز)کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ پا کستان میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرئینٹ کی تشخیص کے باوجو د پاکستان کا دورہ شیڈول کے مطابق کریں گے۔ آسٹریلوی اخبار دا نیو ڈیلی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے دورہ پاکستان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم حال ہی میں تمام صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان گئی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر لحاظ سے مکمل رابطے میں ہیں، پاکستان میں اومی کرون کی تشخیص کے باوجود آسٹریلیا کا دورہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔نک ہاکلے کا مزید کہنا تھا کہ اومی کرون کے باعث صورت حال مشکل ہے لیکن دورہ پاکستان کے لیے پرعزم ہیں، جب تک حالات محفوظ ہیں تب تک آسٹریلیا پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔واضح رہے پچھلے 24سال میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان ٹیسٹ سیریز کھلنے نہیں آئی۔ تاہم یہ دونوں ٹیمیں پاکستان میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیسٹ میچوں میں متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر مدمقابل رہی ہیں۔ آسٹریلیا نے مارچ 2022میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس دورے میں مہمان ٹیم3 ٹیسٹ میچ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔واضح رہے ستمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی لیکن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئی میچ کھیلے بغیر واپس چلی گئی تھی۔انہی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انگلینڈ کی ٹیم نے بھی اپنا متوقع دورہ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔