کراچی (سید وزیر علی قادری)ڈسٹرکٹ ایسٹ نے عصاب شکن سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ ملیر کو 0-1 سے شکست دیکر یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا، ڈی جی رینجرز سندھ افتخار حسین چودہری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، فاتح ٹیم کے نوشاد علی فائنل کے بہترین کھلاڑی، عبدالوہاب ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، عبدالرافع بہترین گول کیپر اور نعمان خانزادہ ایونٹ کے ٹاپ اسکور رہے ۔فائنل کے اختتام پر بانی پاکستان کی یوم پیدائش کی خوشی میں شاندار اتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ اپنے اختتام پزیر ہوگیا، کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں ٹاپ سٹی ون کے تعاون سے 12 روز تک کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا فائنل ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ملیر کے درمیان کھیلا گیا، میچ کے اغاز سے پی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے تاہم مضبوط دفاع اور گول کیپرز کے شاندار کھیل کے باعث کوئی بھی ٹیم کھیل کے 58 ویں منٹ تک گول نہیں کرسکی تاہم 59 ویں منٹ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے ایک تیز رفتار اور کمبائنڈ حملے کے نتیجے میں نوشاد علی نے گیند کو جال کی راہ دیکھا کر اپنی ٹیم کو کشتی پار لگادی، فیصلہ کن گول کرنے پر فاتح ٹیم کے نوشاد علی فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ نے کے ایچ اے کے ساتھ مل کر آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا، قومی کھیل کے فروغ کے لئے سندھ رینجرز اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی تمام ضرورتوں کو سندھ رینجرز پورا کرے گی،میچ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز افتخار حسین چوہدری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، نوشاد علی کو ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے عبدالوہاب ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے عبدالرافع ٹورنامنٹ کے بہترین گول کیپر اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے نعمان خانزادہ نے 9 گول اسکور کرکے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ڈی جی رینجرز سندھ نے تینوں کھلاڑیوں کو ٹاپ سٹی ون موٹر سائیکل کے انعام سے نوازا۔