نواز شریف کی برطانیہ سے بے دخلی کو سیاسی واپسی بنا یا جارہا ہے ، شہباز گل

146

 

چشتیاں(اے پی پی)ترجمان وزیراعظم و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی برطانیہ سے بے دخلی کو سیاسی واپسی کا رنگ دیا جارہا ہے۔ نواز شریف کبھی ملکی سیاست میں نہیں آ سکتے، (ن) لیگ والے خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،وزیراعظم عمران خان کبھی بھی کرپٹ مافیا کو این آر او نہیں دیں گے،قومی خزانے سے اربوں لوٹنے والے نواز شریف علاج کے بہانے ملک سے فرار ہوئے، نواز شریف کو عدالتوں نے جھوٹا اور نا اہل قرار دیا ہے ، چاہتے ہیں نواز شریف وطن واپس آ کر عدالتوں اور قانون کا سامنا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دن سے مسلم لیگ (ن)کی جانب سے ایک بیانیہ دیا جا رہا ہے کہ نواز شریف کی ڈیل ہو رہی ہے اور وہ اب ملک واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بیرون ملک جا کر جھوٹ بولے، تقریریں کیں اور عدلیہ و قومی اداروں کے خلاف بدزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے، ہم نے نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت میں توسیع کی ہے نہ ہی کریں گے، اب جیسے ہی نواز شریف کا ویزا مسترد ہو گا وہ پاکستان واپس آئیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک واپس آ کر جیل میں اپنی سزا کی مدت پوری کریں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کے لیے بیرون ملک جانے دیا تھا۔کنونشن سے سینیٹر عون عباس بپی ،سابق ایم پی اے عبداللہ وینس،ممتازاحمد مہاروی ،ملک مظفر خاں،سمیراملک ،اعجاز فاطمہ، عبدالرزاق رامے ،ذیشان چاولہ نے بھی خطاب کیا۔