رولپنڈی (آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت مسلمہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف نے اس موقع پر افغانستان میں بڑھتے انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلصانہ کاوشوں پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت مسلمہ ہے۔آرمی چیف نے پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہا۔آرمی چیف نے دوطرفہ مضبوط تعلقات کے فروغ میں جیفری شا کی خدمات کا اعتراف کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلوی ہائی کمشنر نے افغان صورتحال، علاقائی استحکام میں پاکستانی کردار کو سراہا انہوں نے دوطرفہ بہتر تعلقات کے لیے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔