لاہور(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے قرضے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا۔ لاہور میں شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پانچ سال میں 55 ارب ڈالر قرض واپس کرنے جا رہے ہیں، کورونا جیسی بلا میں بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب آپ کو عدالت جانا ہوتا ہے تو وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں، جب ضمانت ملتی ہے، سانس لیتے ہیں تو قد سے زیادہ بڑی بھڑکیں مارنے لگتے ہیں،زرداری نے اپنے قد سے بڑی بھڑکیں مارنی شروع کردی ہیں۔فواد چودھری نے کہاکہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی بنائے گی، یہ اسلام آباد آنے کی بات کرتے ہیں، اسلام آباد کے چکر میں یہ لاڑکانہ اور نواب شاہ جانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد بڑی جماعتوں کی سیاست صرف ٹی وی کے سہارے چل رہی ہے، اگر ان کی ٹی وی کوریج بند کر دیں تو یہ ختم ہو جائیں۔وزیراطلاعات نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں، کے پی سے مسلم لیگ ن فارغ ہو گئی ہے، کسی نے انہیں ووٹ نہیں ڈالا،ہمارا مقابلہ چھوٹے چھوٹے سیاسی بونوں سے ہے، یہ پروپیگنڈہ کریں گے کہ مہنگائی ہو گئی، لٹ گئے مر گئے لیکن ان کے پاس عمران خان کے قد کا آدمی نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے مزیدکہاکہ نواز شریف باقی زندگی پارک لین میں اور زرداری دبئی میں گزاریں گے، اوورسیز پاکستانی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، اگلی حکومت بھی پی ٹی آئی ہی بنائے گی۔