لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے مارچ کرکے نوڈیرو گڑھی خدا بخش بھٹو میں دھرنے کا اعلان کیا گیا، تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملازمین کے احتجاج پر نوٹس لے لیا جس پر بلاول کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل احمد سومرو نے سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی، جس پر ملازمین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد سومرو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لے کر ملازمین کے مسائل حل کروانے کی ہدایت کی، تمام ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے جو چھوٹے ملازمین کے دکھ درد کو سمجھتی ہے۔اس موقع پر سندھ ایریگیشن کے رہنما اللہ بخش دھامراہ، نصراللہ ابڑو، فقیر عبداللہ جتوئی اور دیگر نے کہا کہ جمیل احمد سومرو نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے جس پر ہم اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور ساتھ ہی بلاول بھٹو زرداری کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے مطالبات کا نوٹس لیا۔