سکھر،شہری گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان

72

سکھر (نمائندہ جسارت) شہری مسائل کے حل کے لیے قائم مختلف سماجی ، سیاسی، مذہبی و تاجر تنظیموں کے اتحاد آل پارٹیز الائنس سکھر کے رہنمائوں کے وفد نے شہر میں گیس کی بد ترین لوڈشیڈنگ ، پریشر کمی اور گیس لائن میں پانی کی شکایات کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی سکھر ریجن کے ریجنل منیجر عزیز احمد ابڑوسے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، وفد میں شامل آل پارٹیز الائنس کے رہنماؤں سنی تحریک کے رہنما محبوب علی سہتو، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی نائب صدر مشرف محمود قادری،جے یو پی نورانی کے صاحبزادہ حامد محمود فیضی، ن لیگ کے خورشید میرانی ، پی ٹی آئی کے کاشف قاضی و دیگر نے سوئی سدرن گیس کمپنی سکھر ریجن کے ریجنل مینجر عزیز احمد ابڑو ا شہر میں گیس کی بد ترین لوڈشیڈنگ ، پریشر کمی اور گیس لائن میں پانی کی شکایات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں 4 نمبر کالونی ، پرانا سکھر ، باغ حیات علی شاہ میں گیس کی لائنوں میں پانی بھر جاتا ہے جس سے گھریلوامور میں خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کمی سے جہاں گھریلو سرگرمیاں متاثر ہیں وہی کاروباری زندگی بھی بری طرح مفلوج دکھائی دیتی ہے جو شہریوں کیساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ ملاقات میں عزیز احمد ابڑو نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی جانب سے نشاندہی کردہ عوامی شکایات فی الفور حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔15 دن میں کاروباری و گھریلو کنکشن کی بہتری سمیت پریشر کمی کو بھی دور کر دیا جائے گا اور جہاں جہاں گیس کی لائن میں پانی آنے کی شکایات ہے وہ لائن بھی درست کر دی جائے گی۔بعد ازیں ملاقات ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آل پارٹیز الائنس کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز الا ئنس سکھر میں شامل مختلف سیاسی ،سماجی ،مذ ہبی قوم پرست، تاجر جماعتیں سکھر شہر اور شہریوں کو کسی صورت لاوارث نہیں چھوڑسکتی ، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سکھر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کی عدم توجہی کے باعث مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، شہری مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد ضرورت بن چکی ہے عوامی شکایات کے باوجود انتظامیہ کان دھرنے کو تیار نہیں ، سوئی گیس مسائل کے حل کیلیے متعلقہ محکمے کے افسران نے یقین دہانی کرائی ہے۔