اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کا پارلیمنٹ ہاوس کے باہر احتجاج

314

وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے ایک بار پھر احتجاج شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال ان کے مطالبات منظور نہیں کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف اساتذہ کلاسز کا بائیکاٹ کرکے اساتذہ کی بہت بڑی تعداد ڈی چوک بھی پہنچ گئی۔ انہوں نے سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ اس موقع پر اساتذہ نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین بیرئر اور خاردار تاریں ہٹاکر پارلیمنٹ ہاوس کے باہر بھی پہنچ گئے۔ احتجاج کی وجہ سے تمام ایف جی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی فضل مولی نے کہا کہ جب تک آرڈیننس کی شق 166 ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔