لاڑکانہ ،بینظیربھٹو کی برسی کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

115

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت گڑھی خدابخش بھٹو میں ڈویژن کے مختلف محکموں کے سربراہان کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں 27 دسمبر پر سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 14 ویں برسی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس کے افسرا ن کو ہدایت دی کہ وہ سیکورٹی اور ٹریفک کے نظام کے لیے پلان بنائیں، جبکہ اسپیشل برانچ کو ہدایت دی کہ واک تھرو گیٹس لگائے جائیں اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، اسی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور گڑھی خدابخش بھٹو میں مزار کے احاطے کے اندر کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے جہاں سے برسی کی تقریبات کو مانیٹر کیا جائے گا۔اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کے ملک کے کونے کونے سے برسی میں شرکت کرنے کے لیے لوگوں کے لیے ضلعے میں صفائی، لائٹنگ کے علاوہ گڑھی خدابخش کے اطراف آنے جانے والے راستوں پر روشنی کے علاوہ سائن بورڈ لگائے جائیں تاکہ برسی میں آنے والوں کو کوئی بھی تکلیف محسوس نہ ہو اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمشنر کو ہدایات دی کہ وہ شہر میں صفائی کے نظام کو زیادہ مؤثر بنائیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ا کیا گیا کہ جلسے میں میڈیا کو ڈرون کیمرے کے استعمال کی اجاز ت نہیں ہوگی۔ کمشنر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور روڈ محمکمے کے افسران کو ہدایت دیں کہ لاڑکانہ ڈویژن کے اندر مختلف روڈز پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور جہاں مرمت کی ضرورت ہے ان روڈ کی جلد مرمت کی جائے، افسران کو چاہیے کہ دی گئی ذمے داری خوش اسلوبی کے ساتھ نبھائیں تاکہ برسی کے موقعے پر کوئی بھی تکلیف درپیش نہ ہو۔کمشنر نے پولیس کے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ برسی کے موقع پر سیکورٹی اور ٹریفک کے نظام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور محکمہ روڈ کے افسران کو ہدایات دی کہ پارکنگ ایریاز کے کام کو تیز کیا جائے۔اس موقع پر دپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے کمشنر کو برسی کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدات دی کہ گڑھی خدابخش بھٹو آنے جانے والے راستوں پر میڈیکل کیمپ اور برسی کے موقع پر مختلف روڈ پر موبائل میڈیکل سروس شروع کریں، جبکہ بیسک ہیلتھ یونٹ اور ڈسپنسریز کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے جہاں پر ڈاکٹر اور عملے کے ساتھ ادویات کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے، سیپکو افسران کو ہدایات دی کہ برسی کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔